اٹلی کے عظیم کہانی کار اور ڈرامہ نگار لیوگی پیرانڈیلو ٢٨ جون ١٨٦٧ء کو سسلی میں تولد ہوئے۔ انھوں نے یونیورسٹی سے ١٨٩١ء میں فلسفے میں پی ایچ ڈی کی اور شعبہ درس و تدریس سے منسلک ہو گئے تاہم پروفیسر لیوگی کے اندر ایک قلم کار چھپا ہوا تھا جس نے انھیں لٹریچر کی جانب راغب کیا تو وہ ایک منفرد ڈرامہ نگار اور افسانہ نویس کے طور پر سامنے آئے۔ علاوہ ازیں شاعری اور تنقید میں بھی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انھیں نا صرف اٹلی میں ڈرامے کو حیات نو بخشنے والے ڈراما نگار کی حیثیت سے عزت و شہرت نصیب ہوئی ، بلکہ عالمی سطح پر ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا گیا۔ انھوں نے تکنیک اور موضوعات کے حوالے سے ڈرامے میں کئی نئے تجربات بھی کیے۔ ان کا سب سے مشہور اور رسوا کن ڈراما ’’چھ کردار ایک مصنف کی تلاش میں‘‘ ہے، جس پر بہت اعتراضات ہوئے۔ ان پر فحاشی کا الزام بھی عائد کیا گیا۔ آج اسے عالمی ڈرامے میں ایک کلاسیکی حیثیت حاصل ہے!
ان کی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنی تحریروں میں انسانی نفسیات کو فلسفیانہ رنگ میں بیان کرتے ہیں اور سماجی حقائق کو پوری بے خوفی اور بے باکی سے پیش کرتے ہیں۔ زیر نظر افسانہ پڑھیے اور اس سچے فنکار کے ہنر کی داد دیجیے۔
لیوگی پرانڈیلو کو ان کی ادبی خدمات خصوصاً ڈراما نگاری کی بنا پر ١٩٣٤ء میں ادب کا نوبل انعام عطا کیا گیا۔ اس عزت افزائی کے دو برس بعد ١٠ نومبر ١٩٣٦ء کو وہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ۔